15 اپریل 2013 - 19:30
دھماکے کس نے کئے اور کیوں کئے ابھی کچھ پتا نہیں: اوباما

امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ بوسٹن دھماکوں کی تہہ تک پہنچیں گے اور ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

ابنا:  امریکی قوم سے ہنگامی خطاب میں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ دھماکوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ بوسٹن دھماکوں کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ دھماکوں کے بعد پورے امریکہ میں سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ امریکہ کی سکیورٹی بہت لازمی ہے۔ صدر اوباما نے کہا کہ دھماکے کس نے اور کیوں کئے، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ دھماکوں پر ریاست کے ذمہ دار حکام کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔ جس شخص یا جماعت نے کارروائی کی اسے ڈھونڈ نکالیں گے۔دیگر ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں امریکی صدر بارک اوباما نے اعلان کیا ہے کہ بوسٹن دھماکوں میں ملوث عناصر کو تلاش کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق دھماکوں کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں صدر اوباما نے دہشت گردی کا لفظ استعمال نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا ابھی یہ نہیں پتہ کہ دھماکے کس نے کئے۔ لوگوں کو بھی اس وقت تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچنا چاہئے جب تک تمام حقائق سامنے نہ آجائیں۔ صدر اوباما نے کہا کہ پوری گہرائی میں جائیں گے اور پتہ لگائیں گے کہ یہ کس نے کیا اور کیوں کیا۔ جو بھی شخص یا گروپ اس میں ملوث ہے اسے انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو جہاں ضروری ہوا وہاں سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوسٹن میں صورت حال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سکیورٹی کو ضروری وسائل بروئے کار لانے اور بوسٹن انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن امداد اور تعاون کی ہدایت کی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲